وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے ڈرائیورز رننگ رومز کا دورہ کیا
ڈی ایس ریلوے کا لاہور ٹرین ڈرائیورز رننگ رومز کا دورہ، جدید خطور پر اپگریڈیشن کی جائے گی، انعام اللہ

مزید خبریں
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے ڈرائیورز رننگ رومز کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضی سمیت دیگر متعلقہ افسران و عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے کے وژن کے مطابق حال ہی میں خانیوال میں رننگ رومز کو جدید طرز کی سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے اپگریڈ کیا گیا ہے۔اسی وژن کے تحت لاہور میں بھی ڈرائیورز رننگ رومز کو جدید خطوط پر اپگریڈ کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے موجودہ رننگ رومز کے ماڈل اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضی کو ہدایت کی کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرائیورز رننگ رومز کی اپگریڈیشن کے لیے جدید طرز کا ماڈل اور ڈیزائن تیار کیا جائے۔اس موقع پر ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق لاہور سمیت پاکستان بھر میں ڈرائیورز رننگ رومز کو جدید خطوط پر اپگریڈ کیا جائے گا تاکہ ڈرائیورز ٹرین آپریشن کے بعد آرام دہ اور پرسکون ماحول میں اپنی ریسٹ مکمل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور وہ ٹرین آپریشن کے حوالے سے مزید ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کی ترقی اور بہتری میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں گے۔







