خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اشیاء خوردونوش کیخلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئےپشاور اور مانسہرہ میں چھاپے مارے اور جعلی و غیر معیاری خوراک کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کی کوشش ناکام بنادی
عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی

مزید خبریں
پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اشیاء خوردونوش کیخلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئےپشاور اور مانسہرہ میں چھاپے مارے اور جعلی و غیر معیاری خوراک کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کی کوشش ناکام بنادی۔ فوڈ اتھارٹی کے پی کے تر جمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری اشیاء تحویل میں لے کر تلف کردی گئیں جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے جعلی برانڈڈ مصالحہ جات اور کسٹرڈ کی پیکنگ کرنے والی یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران تقریباً 2 ہزار کلوگرام مختلف اشیاء، مصالحہ جات، اسٹارچ، پیکنگ میٹریل، رولز اور دیگر سامان تحویل میں لیا گیا۔ جعلی اور غیر معیاری اشیاء کی پیکنگ میں ملوث یونٹ کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق مانسہرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے علی الصبح ضلع کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کرکے خوراک لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر دودھ اور دیگر خوراکی اشیاء کے نمونوں کی جانچ بھی کی گئی۔کارروائی کے دوران 150 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کی نشاندہی ہوئی جسے موقع پر ہی تلف کردیا گیا، جبکہ پنجاب سے مانسہرہ لایا جانے والا 415 کلوگرام غیر معیاری گوشت بھی پکڑ کر تلف کردیا گیا۔ مذکورہ گوشت ضلع مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مالکان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خوراک میں ملاوٹ، جعلی برانڈز کی تیاری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں باقاعدگی سے کارروائیاں جاری رکھیں اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر خوراک کی جانچ ایک مؤثر اقدام ہے جس سے ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کی بروقت نشاندہی ممکن ہو رہی ہے۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی فروخت کے حوالے سے متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بروقت کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔







