عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے پارکوں اورعوامی مقامات پر سیکورٹی کےخصوصی انتظامات

99

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے پارکوں اور دیگر پبلک پوائنٹس پر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا، شہر کی تمام مین شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی تسلی بخش رہی۔ ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ ، اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس نے اپنے دائرہ اختیار کے حامل مختلف علاقوں میں دورے کئے۔

اسسٹنٹ کمشنرز نے کہا کہ شہر کے تمام مین شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی تسلی بخش ہے کسی بھی جگہ پر کسی قسم کا رش موجود نہیں ہے،پارکوں اور دیگر پبلک پوائنٹس پر سکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس تعینات کی گئی ہے جو کہ شہریوں کو گائیڈ کر رہی ہے۔

شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور دیگر سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ شہر کے تمام بڑے پارکس ایف نائن پارک ، دامن کوہ پارک ، راول لیک پارک اور دیگر جگہوں پر سکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔