غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی ترجیح ہے، ڈاکٹر محمد اسرار خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا ہے کہ ایک صحت مند شہری ہی اپنے خاندان، صوبے اور ملک کے لیے ایک کارآمد شہری ثابت ہو سکتا ہے

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا ہے کہ ایک صحت مند شہری ہی اپنے خاندان، صوبے اور ملک کے لیے ایک کارآمد شہری ثابت ہو سکتا ہے، عوام کو محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی میں خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کی دستیابی نہ صرف بیماریوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ ہسپتالوں پر بوجھ کم ہونے سے صوبے کے مالی وسائل اور معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے درمیان صوبے میں بڑے پیمانے پر فوڈ فورٹیفیکیشن کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری محکمہ خوراک شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عامر حسن اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شبینہ رضا نے اپنے ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ فورٹیفیکیشن جیسے اقدامات غذائی اور مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے آنے والی نسلوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔معاون خصوصی ڈاکٹر اسرار نے کہا کہ محکمہ خوراک عوامی مفاد کے ہر منصوبے میں متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور محفوظ خوراک کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر خیبر پختو نخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی کا شف اقبال جیلانی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شبینہ رضا نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس شراکت داری کا مقصد صوبے میں بڑے پیمانے پر فوڈ فورٹیفیکیشن کو فروغ دینا، عوام کو مائیکرونیوٹرینٹس سے بھرپور، محفوظ اور معیاری غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا اور غذائی قلت کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔