فیصل آباد۔ 28 اگست (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی اور غذائیت کی کمی جیسے بحران سے نجات کیلئے ہمیں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ متوازن خوراک بارے شعور بھی بیدار کرنا ہو گاجس کیلئے جامعہ زرعیہ تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاہم اس ضمن میں بہترین نتائج کے حصول کیلئے اکیڈیمیا انڈسٹری کے تعلقات کو مضبوط کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
وہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد اور وزٹک فوڈ سلوشن لاہور کے مابین مشترکہ تحقیقی منصوبہ جات اور طلباو سٹاف کی استعدادکار بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔یادداشت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور وزٹک فوڈ سلوشن کی جانب سے بزنس ڈویلپمنٹ منیجر احمد فرمان نے دستخط کئے جبکہ اس موقع پر ڈین فوڈ سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر کاشف سلیمی، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف اقبال، وزٹک فوڈ سلوشن کے منیجر سیلز حسین نذیر، بزنس یونٹ ہیڈ شعیب اعوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق طلبا اور پیشہ وارانہ سٹاف کی استعدادکار کو بڑھانے کیلئے مشترکہ طور پر ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ دونوں ادارے مشترکہ تحقیقاتی منصوبہ جات کے امور سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کے متعلق اپنی تحقیقات کے نتائج بھی منتقل کریں گے۔