غریبوں کو تعلیم کی سہولیات مہیا کرکے رہوں گا، نارووال میں سکولوں کا جال بچھادیا ہے ، وفاقی وزیراحسن اقبال

163

نارووال۔ 09 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ غریبوں کو تعلیم کی سہولیات مہیا کرکے رہوں گا، نارووال کے تعلیمی اداروں میں تعلیم پانے والے بچے اب دنیا کی معروف درسگاہوں میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرنسپل نارووال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر چو ہدری اور فیکلٹی اراکین کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ میں خوش قسمت انسان ہوں کہ میں نے جو خواب دیکھے اللہ تعالیٰ نے وہ پورے کئے ہیں

پہلے مرحلے میں نارووال میں سکولوں کا جال بچھایا ان میں 70 فیصدسکول طالبات کے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے حلقے کی ہر یونین کونسل میں طالبات کے ہائی سکول موجود ہیں، اگلے مرحلے میں ہم نے نارووال کو ٹیکنیکل کالج اور یونیورسٹیاں دیں ،حکومت میں آنے کے بعد میڈیکل کالج کیلئے کوشش کی اور آج یہ منصوبہ پایا تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہم اگلے 5سالوں میں پنجاب کے بہترین میڈیکل کالجز کی لسٹ میں شامل ہوجائیں۔ فیکلٹی اراکین کی محنت سے ہی اس کالج کی کامیابی ممکن ہے۔

میڈیکل کالج کو ریسرچ کی دنیا میں بہترین ادارہ بنانا ہوگا۔ میڈیکل کالج کی ابتداء سے یہاں کے ہیلتھ کئیر انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی ۔