غیرقانونی شکار پر 7 افرادکوایک لاکھ 75ہزارروپے جرمانہ عائد

محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے غیرقانونی شکار پر 7 افراد کے چالان کرکے ان سے بٹیر کے 4 نیٹنگ گیئرز ضبط جبکہ 5شکاریوں کو مبلغ 1لاکھ 75ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ہے

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے غیرقانونی شکار پر 7 افراد کے چالان کرکے ان سے بٹیر کے 4 نیٹنگ گیئرز ضبط جبکہ 5شکاریوں کو مبلغ 1لاکھ 75ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر فیصل آباد ریجن عظیم ظفر کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ز ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ نے بٹیر کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2 شکاریوں کو گرفتار کرکے 2نیٹنگ گیئرز ضبط کرلئے اور دونوں کو مبلغ 30ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیئے۔ ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز خانیوال نے بٹیر نیٹنگ کیلئے تنصیب 2گیئرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان ریجن محمد عامر خان کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز ڈی جی خان اور مظفر گڑھ نے مرغابی کے 2غیر قانونی شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مبلغ 1لاکھ 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور کیس نمٹا دیئے جبکہ وائلڈ لائف رینجر ز راجن پور نے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار کی تصاویر سوشل میڈ یا پر اپلوڈ کرنے کی بنا پر 2ملزمان کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔ ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھانعیم طاہر کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز لیہ نے بٹیر کا 1غیر قانونی شکاری گرفتار کرکے اسے 15ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔