غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ متحرک

ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے

لاہور۔3اگست (اے پی پی):ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روزمختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے 112املاک سربمہرکر دیں۔ ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹائون، سمن آباد، گجرپورہ، پونچھ روڈ اورعلامہ اقبال ٹائون میں آپریشن کیا۔ ٹیموں نے غیرقانونی کمرشل استعمال پرگلبرگ، فیصل ٹائون میں 28 املاک سربمہرکر دیں۔ غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سمن آباد،گجرپورہ، پونچھ روڈپر 69 املاک سیل کر دیں۔

ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹائون میں 15املاک سیل کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، سیلون، کیفے، ریستوران،فوڈ پوائنٹ، گراسری سٹور، فارمیسی، دکانیں،کارشو روم، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن چیف ٹائون پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر غیرقانونی کمرشل عمارتوں،کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔