غیر قانونی اور جعلی ادویات کی تیاری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائی ، نقلی ادویات برآمد

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مین جی ٹی روڈ کھوکھر پلازہ کے مقابل روات میں واقع ایک غیر قانونی فارماسیوٹیکل سٹوریج اور پروڈکشن فیکلٹی پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے احاطے کو سیل کر دیا۔

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مین جی ٹی روڈ کھوکھر پلازہ کے مقابل روات میں واقع ایک غیر قانونی فارماسیوٹیکل سٹوریج اور پروڈکشن فیکلٹی پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے احاطے کو سیل کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران موقع سے 14,961 مختلف اقسام کی گولیاں ، 500 مختلف انجیکشنز ،مختلف برانڈز کے 20,900 سیرپ ، 4,630مختلف کریمز ، 15 لاکھ خالی ہارڈ جیلاٹن کیپسول شیلز، 1,072 کلوگرام خام مال، 66,258 خالی بوتلیں ، ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس ، نیوٹراسیوٹیکل خام مال اور ایکسیپیئنٹس، پیکیجنگ میٹریل اور فزیشن سیمپلز، مینوفیکچرنگ اور پیکیجنگ مشینری سمیت پیکڈ اینٹی بائیوٹک اور انجیکٹیبل فارمولیشنز برآمد کر لی گئیں۔ موقع پر معائنے سے انکشاف ہوا کہ گڈ سٹوریج پریکٹسز ، گڈ ڈسٹری بیوشن پریکٹسز اور ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی تھیں۔

ادویات کے معیار، حفاظت اور افادیت کے لیے ضروری درجہ حرارت کنٹرول اور دیگر لازمی شرائط کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔فیڈرل ڈرگ انسپکٹر نے موقع سے لیبارٹری تجزیے کے لیے نمونے حاصل کیے۔ حتمی رپورٹ مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو پیش کی جائے گی۔ مزید غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مذکورہ فارماسیوٹیکل سٹوریج فیکلٹی کو سیل کر دیا گیا ہے۔عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔