غیر محفوظ خوراک، آلودہ پانی گرمیوں میں پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ کا سبب،معروف طبی ماہر ڈاکٹر نشتر عنایت

غیر محفوظ خوراک، آلودہ پانی گرمیوں میں پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ کا سبب،معروف طبی ماہر ڈاکٹر نشتر عنایت

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):معروف طبی ماہر ڈاکٹر نشتر عنایت نے پیٹ سے متعلق بیماریوں کے حوالہ سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موسم گرما کے دوران اسہال، قے اور فوڈ پوائزننگ کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ،عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل ہے۔

معروف طبی ماہر ڈاکٹر نشتر عنایت نے جمعرات کو مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاف یا ابلا ہوا پانی پینے، کھانے کی تیاری اور ہینڈلنگ میں مناسب حفظان صحت برقرار رکھنے اور انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے آلودہ کھانوں سے پرہیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں پیٹ کی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں اور خاص طور پر زیادہ گرم علاقوں میں جہاں زیادہ درجہ حرارت ہو اور غیر محفوظ خوراک کے استعمال کی عادت سے مریضوں کی تعداد بڑگ جاتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ فریج میں لمبے عرصے سے رکھا گیا کھانا فوڈ پوائزننگ اور انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر نشتر عنایت نے ہائیڈریٹ رہنے، باقاعدگی سے ہاتھ دھونے، تازہ تیار شدہ کھانا کھانے اور بیکٹیریل آلودگی کو روکنے کے لیے کھانے کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ محتاط رہیں اور اگر مسلسل اسہال، بار بار الٹی یا پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہوں تو طبی امداد حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ آگاہی اور بروقت احتیاطی تدابیر سے پیٹ کی بیماریوں کے موسمی اضافے کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسان احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی امداد اسہال، قے، فوڈ پوائزننگ اور پیٹ سے متعلق دیگر بیماریوں کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہیں۔