جوہانسبرگ ۔30نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلےباز فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کریں گے۔ 41 سالہ فاف ڈو پلیسی نے اس فیصلے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے …
فاف ڈو پلیسی آئی پی ایل 2026 نیلامی سے دستبردار، پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان

مزید خبریں
جوہانسبرگ ۔30نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلےباز فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کریں گے۔ 41 سالہ فاف ڈو پلیسی نے اس فیصلے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے بھارتی لیگ کے ساتھ اپنے 14 سالہ سفر کوشاندار اور ناقابلِ فراموش قرار دیا۔
فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ آئی پی ایل نے انہیں نہ صرف عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیا بلکہ بھارتی شائقین کی بے مثال محبت اور یادگار تجربات نے ان کے کیریئر کو منفرد سمت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال وہ وقفہ لے رہے ہیں مگر مستقبل میں آئی پی ایل میں واپسی کے دروازے بند نہیں کیے۔آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں فاف ڈو پلیسی نے دہلی کپیٹلز کی نمائندگی کی تھی، جہاں انہوں نے 9 میچوں میں 202 رنز بنائے اور کپتان کی عدم موجودگی میں دو میچوں میں قیادت بھی کی۔
تاہم دہلی کپیٹلز نے انہیں نیلامی سے قبل ریلیز کر دیا تھا۔غیر ملکی بلےبازوں میں فاف ڈو پلیسی کا شمار آئی پی ایل کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے چنائی سپر کنگز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور رائزنگ پونے سپرجائنٹس جیسے بڑے فرنچائزز کے ساتھ کھیلتے ہوئے دو مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی بھی اٹھائی۔
فاف ڈو پلیسی نے پی ایس ایل میں اپنی واپسی پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کا کرکٹ ماحول، وہاں کی مہمان نوازی اور لیگ کا بڑھتا ہوا معیار انہیں ایک نئے چیلنج کے طور پر بے حد پرجوش کرتا ہے۔ وہ اس سے قبل 2019 سے 2021 کے دوران پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے 6میچ کھیل چکے ہیں۔پی ایس ایل کا آئندہ سیزن اپریل سے مئی کے دوران شیڈول ہے، جو آئی پی ایل کے مارچ تا مئی کے دورانیے سے متصادم ہے، اسی وجہ سے فاف ڈو پلیسی نے اپنی ترجیح پاکستان لیگ کو دے دی ہے۔








