فخر زمان کی سٹریٹ ڈرائیو میں گفتگو

فخر زمان نے سلمان بٹ کے شو سٹریٹ ڈرائیو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر، انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربات اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے کیریئر کا آغاز پاکستان نیوی کی کرکٹ ٹیم سے ہوا

لاہور۔19جولائی (اے پی پی):فخر زمان نے سلمان بٹ کے شو سٹریٹ ڈرائیو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر، انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربات اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے کیریئر کا آغاز پاکستان نیوی کی کرکٹ ٹیم سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے کراچی میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کھیلنا شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں انہیں ایڈم گلکرسٹ کی بیٹنگ پسند تھی جبکہ بعد میں انہوں نے اے بی ڈی ویلیئرز کو فالو کیا۔ فخر زمان کے مطابق بطور اوپنر نئی گیند کا سامنا کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، کیونکہ ابتدائی اوورز میں بیٹسمین کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فخر زمان2017 سے اب تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین ٹیسٹ،92 ون ڈے اور120 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں11 سنچریوں اور19 نصف سنچریوں کی مدد سے3861 رنز بنائے ہیں۔ فخر زمان پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی ہیں، جبکہ انہیں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین1000 کیریئر رنز مکمل کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ قومی ٹیم کے اوپنر نے کہا کہ ان کا موجودہ بڑا ہدف2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ ہے، جس کے لیے وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔