فرانسیسی فٹبال فیڈریشن (ایف ایف ایف)نے زین الدین زیدان کو قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے زین الدین زیدان کو قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

مزید خبریں
پیرس ۔29جولائی (اے پی پی):فرانسیسی فٹبال فیڈریشن (ایف ایف ایف)نے زین الدین زیدان کو قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق 54 سالہ زین الدین زیدان کو 2030 کے فیفا ورلڈ کپ تک 4 سالہ معاہدے پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ زین الدین زیدان اب سابق کوچ دیدیئر دیشام کی جگہ سنبھالیں گے، جن کی 12 سالہ طویل کوچنگ کا خاتمہ ورلڈ کپ 2026میں فرانس کی چوتھی پوزیشن پر اختتام کے بعد ہوا۔اپنی تعنیاتی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین الدین زیدان کا کہنا تھا کہ فرانس کی کوچنگ کرنا ان کی واحد خواہش تھی اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے گزشتہ 4 سے 5 سالوں میں مختلف کلبز کی جانب سے ملنے والی تمام پیشکشوں کو مسترد کیا۔ اس سے قبل زین الدین زیدان ریال میڈرڈ کی کوچنگ کرتے ہوئے 2016، 2017 اور 2018 میں مسلسل 3 بار یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔فرانسیسی فیڈریشن کے صدر فلپ ڈیالو نے اس امید کا اظہار کیا کہ زین الدین زیدان کی قیادت میں فرانس کی ٹیم فتح کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ فرانس کے کپتان اور ورلڈ کپ میں 10 گولز کے ساتھ گولڈن بوٹ حاصل کرنے والے کیلین ایمباپے نے بھی نئے کوچ کی آمد کا خیرمقدم کیا ہے۔ زین الدین زیدان کی زیرِ نگرانی فرانس اپنا پہلا میچ 25 ستمبر کو ترکیہ کے خلاف یو ای ایف اے نیشنز لیگ میں کھیلے گا۔








