فرانس کے ہاتھوں شکست کے بعد مراکش کا ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں سفر ختم، مداح ٹیم کی کارکردگی پر فخر سے سرشار

مراکش کا 23ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار سفر کوارٹر فائنل میں فرانس کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کے بعد ختم ہو گیا ہے

رباط۔10جولائی (اے پی پی):مراکش کا 23ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار سفر کوارٹر فائنل میں فرانس کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کے بعد ختم ہو گیا ہے، جس سے افریقی اور عرب ممالک کی واحد امید کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق میساچوسٹس کے شہر فاکسبورو میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں مراکش کی ٹیم اپنی روایتی فارم میں نظر نہ آئی اور فرانسیسی سٹار فٹ بالر اور کپتان کیلین ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کے گولز کی بدولت فرانس نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔رباط کے کیفے اور گلیوں میں میچ دیکھنے والے لاکھوں مداحوں کی امیدیں اس بار بہت زیادہ تھیں، خاص طور پر 4 سال قبل قطر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد اس بار ایوب بوعدی اور اسماعیل صیباری جیسے نوجوان ٹیلنٹ کی شمولیت سے مداح جیت کے لیے پرامید تھے۔ میچ کے 28 ویں منٹ میں جب مراکش کے سٹار گول کیپر یاسین بونو نے کیلین ایمباپے کی پینلٹی روکی تو ہر طرف خوشی کی لہر دوڑ گئی، تاہم میچ کے ایک گھنٹے بعد کیلین ایمباپے نے شاندار فیلڈ گول کر کے مراکش کی امیدوں کو دھچکا پہنچایا اور پھر عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول کر کے فرانس کی فتح پر مہر لگا دی۔شکست کے باوجود مراکشی مداحوں نے مایوس ہونے کے بجائے اپنی ٹیم کی ہمت اور آخری لمحے تک لڑنے کے جذبے کو سراہا ہے۔ 26 سالہ مداح غزلان الادریسی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم پر بے حد فخر ہے کیونکہ کھلاڑیوں نے میدان میں آخری حد تک فرانس کا مقابلہ کیا۔ واضح رہے کہ مراکش 2030 کے ورلڈ کپ کی سپین اور پرتگال کے ساتھ مشترکہ میزبانی کرے گا، اور مداحوں کو پختہ یقین ہے کہ اگلی بار ان کا فائنل تک پہنچنے اور ٹرافی اٹھانے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔