فلائی جناح کی فضائی سفری خدمات کا ایک سال مکمل،خدمات کا دائرہ وسیع کرنے کے عزم کا اظہار

135
فضائی سفری خدمات

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان کی سستی ترین فضائی کمپنی فلائی جناح ایک سال کی غیر معمولی خدمات اور نمایاں کامیابیوں کے اعزاز کے ساتھ اپنی پہلی سالگرہ منارہی ہے،12مہینوں کے دوران فلائی جناح نے خود کو مسافروں کےلئے ایک ترجیحی فضائی کمپنی کے طور پر منوایاجو اندرون ملک پروازوں کا مربوط نیٹ ورک چلارہی ہے اور بڑے شہروں بشمول کراچی،لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ اور پشاور کو آپس میں جوڑ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 31اکتوبر2022کو اپنی افتتاحی پرواز کے آسمان کی بلندیوں کو چھونے کے بعد سےفلائی جناح نے اپنی عمدہ فضائی خدمات اور مسافروں کی بہترین خدمت کو ترجیح دی ۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نے افتتاحی سال کے دوران مسافروں کےلئے محفوظ فضائی سفر کے تجربات کو یقینی بناتے ہوئے اندرون ملک 4370سے زائد پروازیں چلائیں، آپریشنز کے پہلے برس ہی مسافروں کو آرام دہ،قابل اعتماد اور سستی فضائی سفری خدمات فراہم کرکے ملک بھر کی مقامی مارکیٹ میں قابل اعتماد پراڈکٹ متعارف کرانے میں کامیاب رہی۔فلائی جناح کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ”اپنے آپریشنز کے آغاز سے ہی ہمارا وعدہ پاکستان کے لوگوں کےلئے سستی،قابل اعتماد اور آرام دہ فضائی سفر کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

اپنی پہلی سالگرہ مناتے ہوئے ہم اپنے مسافروں،شراکت داروں اور ہو ا بازی کی صنعت سے ملنے والی زبردست حمایت کےلئے شکر گزار ہیں،ہم اپنے مشن پر ثابت قدم رہتے ہوئے سیاحت اور ہوا بازی کے شعبہ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ اپنے مسافروں کو مزید منزلوں سے جوڑنے کےلئےملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کےلئے پرجوش ہیں۔فلائی جناح،ایئر بس A320 طیاروں کے جدید فضائی بیڑے کے ساتھ تمام اکانومی کیبن میں کشادہ لیگ روم فراہم کرتی ہےجو مسافروں کےلئے ان کے سفر کے دوران بے پناہ آرام کا باعث ہے ۔