فلسطینیوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کی پوری دنیا ذمہ دار ہے، صدر محمود عباس کی اقوام متحدہ سے غزہ میں جنگ بند کرانے کی اپیل

134
President Mahmoud Abbas
President Mahmoud Abbas

اقوام متحدہ۔27ستمبر (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے غزہ میں جنگ بند کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کو تقریباً مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور یہ علاقہ اب زندگی گزارنے کے لیے سازگار و موزوں نہیں رہا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز 193 رکنی جنرل اسمبلی کو بتایاکہ غزہ میں اسرائیلی یہ پاگل پن جاری نہیں رہ سکتا۔ فلسطینیوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کی پوری دنیا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے غزہ میں ایک جامع اور مستقل جنگ بندی، مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں کے خاتمے، غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل اور اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بفر زونز کے قیام یا غزہ سے کوئی حصہ لینے سے انکار کرتے ہیں۔ ہم غزہ کا ایک سینٹی میٹر بھی نہیں لینے دیں گے۔ فلسطینی صدر نے کہا کہ ریاست فلسطین کو غزہ میں اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں اور اس پر بشمول سرحدی چوکیوں، خاص طور پر رفح بین الاقوامی سرحد پر اپنا مکمل مینڈیٹ اور دائرہ اختیارنافذ کرنا چاہیے۔