فلسطینی عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

فلسطینی عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیاجس میں تقریباً1200 عازمین شامل ہیں۔ العربیہ اردو نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے حوالے سے بتایا کہ رواں سال تقریباً 6600 فلسطینی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے

مکہ مکرمہ۔19مئی (اے پی پی):فلسطینی عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیاجس میں تقریباً1200 عازمین شامل ہیں۔ العربیہ اردو نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے حوالے سے بتایا کہ رواں سال تقریباً 6600 فلسطینی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں مصر میں موجود غزہ کی پٹی کے تقریباً 700 عازمین بھی شامل ہیں۔ فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور کے انڈر سیکرٹری اور حج و عمرہ کمیٹی کے سربراہ عصام عبدالحلیم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی حکومت کی جانب سے وزارتِ حج و عمرہ اور حج کے نظام میں شامل تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے فلسطینی عازمین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ میں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ مملکت کی جانب سے عازمین حج کے لئے کئے گئے انتظامات اس بات کی عکاسی ہیں کہ اس کی قیادت ضیوف الرحمٰن ( اللہ کے مہمانوں ) کا کتنا زیادہ خیال اور دیکھ بھال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حمایت اور نگرانی میں تمام وسائل فراہم کیے ہیں، اس سے عازمینِ حج اور بالخصوص فلسطینی عازمین کو مربوط خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آمد کے وقت سے ہی سعودی عوام کی طرف سے بہترین استقبال اور مہمان نوازی کو محسوس کیا ۔ فلسطینی عازمینِ حج کے امور کے دفتر اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان اعلیٰ سطح کا تعاون اور ہم آہنگی بھی دیکھی ہے۔