فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بشریٰ بی بی کو اداروں کے خلاف مہم کا ماسٹر مائنڈ ہونے کی تصدیق کر دی ، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بشریٰ بی بی کو غداری کے سرٹیفیکیٹ اور اداروں کے خلاف مہم کا ماسٹر مائنڈ ہونے کی تصدیق کر دی ہے،

بشریٰ بی بی پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اور جھوٹے بیانیہ کی سربراہ ہیں، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے تسلیم کیا ہے کہ آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے اور سیاسی مخالفین کو غد اری کے ساتھ لنک کرنا بشریٰ بی بی کا Opinion ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف مہم بشریٰ بی بی چلا رہی ہیں، ثابت ہو گیا ہے کہ گندی زبان والے ترجمانوں سے غیر اخلاقی پریس کانفرنس بشری بی بی کروا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی منی گالہ میں چھپ کر غداری، بیرونی سازش کے بیانیہ، قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنے اور گالم گلوچ کے آگے پیچھے بشریٰ بی بی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف ماسٹر مائنڈ بشریٰ بی بی ہیں، بشری بی بی نے اپنی تاریخی کرپشن چھپانے کے لئے بیرونی سازش اور غداری کا بیانیہ گھڑا، بشریٰ بی بی سیاسی مخالفین، صحافیوں اور اداروں کے خلاف گالم گلوچ کراتی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیا ہے کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے غداری کے پرچے بنوائے۔ بیرون ملک سازش کے جھوٹے بیانیہ کے چیمپئن امریکا سے معافیاں مانگتے اور منتیں ترلے کرتے پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب Bygones are bygones کے معافی نامے امریکا پہنچا رہے ہیں۔