پشاور۔ 23 دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا اور مضر صحت خوراک سے وابستہ کاروباروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور اور ہری پور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں کلوگرام غیر معیاری اور مضر صحت اچار اور کباب پکڑ کر سرکاری تحویل میں لیا گیا اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز بھی کیا گیا۔
ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھلی کچہری میں موصول شکایات پر چھاپے کے دوران چارسدہ روڈ پشاور سے کباب شاپس سے 6 سو کلو گرام سے زائد غیر معیاری کباب برآمد کر کے موقع پر تلف کر دئیے اور دکاندار پر بھاری جرمانہ عائد کیا
،اسی طرح پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے موصول خفیہ اطلاع پر ایک گودام سے 2 ہزار کلو سے زائد مضر صحت غیر معیاری اچار برآمد کیاجسے فوراً بحق سرکار ضبط کرتے ہوئے گودام کو سیل کر دیا گیا اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ اسی طرح انسپکشن ٹیم نے کوہاٹ روڈ پر واقع مختلف سکولوں کی کنٹینر، کباب شاپس اور کریانہ سٹورزکے بھی معائنے کئے۔
ترجمان نے مزید کارروائیوں کے حوالے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم ہری پور نے حطار انڈسٹریل سٹیٹ میں بسکٹ اور خوراک سے وابستہ کاروباروں کی انسپکشن کی اور بہتری کے نوٹسز جاری کئے۔