امریکہ کے شہر میامی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے ایک سنسنی خیز میچ میں پہلی بار ورلڈ کپ2026 کھیلنے والی کیپ ورڈی کی ٹیم نے 2 بار کی عالمی چیمپئن یوراگوئے کو 2-2 سے ڈرا پر روک کر سب کو حیران کر دیا ہے
فٹ بال ورلڈ کپ، پہلی بار شامل ہونے والے کیپ ورڈی نے سابق عالمی چیمپئن یوراگوئے کو 2-2 سے ڈرا پر روک کر نئی تاریخ رقم کر دی
میامی۔22جون (اے پی پی):امریکہ کے شہر میامی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے ایک سنسنی خیز میچ میں پہلی بار ورلڈ کپ2026 کھیلنے والی کیپ ورڈی کی ٹیم نے 2 بار کی عالمی چیمپئن یوراگوئے کو 2-2 سے ڈرا پر روک کر سب کو حیران کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق میچ کے 21 ویں منٹ میں کیپ ورڈی کے 29 سالہ مڈفیلڈر کیون پینا نے 25 گز کے فاصلے سے فری کک پر شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں کیپ ورڈی کا پہلا گول بھی ہے، تاہم میچ کے 44 ویں منٹ میں یوراگوئے کے میکسی اراؤجو نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں اگسٹن کانوبیوں نے یوراگوئے کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی لیکن دوسرے ہاف کے 61 ویں منٹ میں کیپ ورڈی کے ہیلیو واریلا نے یوراگوئے کے گول کیپر فرنینڈو موسلیرا کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو خالی جال میں پہنچا کر میچ 2-2 سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ واضح رہے کہ اس میچ میں دونوں ٹیموں کے گول کیپرز کی عمریں 40 سال سے زائد تھیں جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک انوکھا ریکارڈ ہے جبکہ کیپ ورڈی نے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں سابق عالمی چیمپئن سپین کو بھی 0-0 سے ڈرا پر روکا تھا۔ اس وقت 48 ٹیموں کے اس ورلڈ کپ کے گروپ ایچ میں سپین 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، یوراگوئے اور کیپ ورڈی 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے جبکہ سعودی عرب 1 پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر ہے، اور اب اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے کیپ ورڈی کا مقابلہ سعودی عرب سے جبکہ یوراگوئے کا مقابلہ سپین سے ہوگا۔









