فیبا وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں، باسکٹ بال کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش

باسکٹ بال کی عالمی تنظیم فیبا کے اعلی ٰسطح کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، فیبا نے وفاقی حکومت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے حکام سے ہو نے والی ملاقاتوں کے دوران ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کردی۔

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):باسکٹ بال کی عالمی تنظیم فیبا کے اعلی ٰسطح کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، فیبا نے وفاقی حکومت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے حکام سے ہو نے والی ملاقاتوں کے دوران ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق فیبا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیا ہیگوپ خاجیریان کی قیادت میں وفد نے وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محی الدین وانی، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر ر منصور افتخار، سیکرٹری خالد بشیر، سینئر نائب صدر امتیاز رفیع بٹ، فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اوج ظہور سمیت پاکستان اولمپک ایسوسی کی قیادت سے ملاقاتیں کی جس دوران ملک میں باسکٹ بال کے فروغ اور ترقی کےلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ہیگوپ خاجیریان کا کہنا تھا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا فیبا کی حکمتِ عملی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم فیڈریشن کی حیثیت رکھتا ہے اور فیبا یہاں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی کھیلوں کے سٹیک ہولڈرز کےساتھ انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی جس میں پاکستان کو بین الاقوامی باسکٹ بال کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ فیبا ریجنل آفس ایشیا نے پاکستان میں باسکٹ بال کی ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔