فیسکوکی صارفین کو مون سون میں کرنٹ لگنے سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کی ہدایت

104

فیصل ۱ٓباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)نے صارفین بجلی کو ہدایت کی کہ وہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے فیسکو کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔فیسکو کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے کہا کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ بارشوں کے دوران کپڑے سکھانے کیلئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ اس میں باآسانی کرنٹ آ جاتا ہے بلکہ اس کی جگہ رسی یا ڈوری کو استعمال میں لائیں اسی طرح بجلی کی استری، واشنگ مشین، ریفریجریٹر، پانی کی موٹروں اوردیگر برقی آلات کے استعمال کیلئے تین پنوں والے شو کا استعمال کریں اور ان چیزوں کو باقاعدہ ارتھ کروائیں اور اگر بجلی کی وائرنگ میں کسی بھی قسم کا نقص ہو تو اس کو فورًادرست کروائیں۔انہوں نے کہا کہ کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک کپڑا، کمبل، قالین کا ٹکڑایا لکٹری کا ٹکڑا رکھیں اور ربڑ سول کی چپل کا استعمال کریں نیزہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ، تار اور آلات کو ہرگز نہ چھوئیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں اور ان کو سہارا دینے والی تاروں کے ساتھ اور نہ ہی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے جانوروں کو باندھیں کیونکہ اس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے نیز اگر کسی کھمبے، سٹرکچر گھریلو وائرنگ یا دیوار میں کرنٹ آجائے یا کسی وجہ سے بجلی کی لائنوں سے کوئی تار ٹوٹ کر نیچے گر جائے تو اس کی فوری اطلاع ٹول فری نمبر080066554، سب ڈویژنل آفس یا فیسکو ایمرجنسی نمبر118پر دیں تا کہ اس کا فوری طور پر سد باب کیا جاسکے اور بجلی کے عملے کے پہنچنے تک نہ تو خود کرنٹ زدہ کھمبے کو چھوئیں اور نہ ہی کسی کو اس کے قریب جانے دیں۔دریں اثنا چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامرنے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ فیسکو کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تا کہ وہ کسی بھی قسم کے حادثہ سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچانا بھی فیسکو کے فرائض میں شامل ہے۔