فیصل آباد۔ 24 جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کے لئے بزنس ماڈلز تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ عالمی سطح پرپاکستانی مصنوعات متعارف کروا کر نہ صرف کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع حاصل ہو سکتے ہیں ، علاوہ ازیں جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے لئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت اور مصنوعات کی تیاری و برآمدات کے سلسلہ میں فیصل آباد کو کلیدی مقام حاصل ہے تاہم اس ضمن میں موجودہ ٹیکسٹائل صنعتوں اوریونیورسٹی میں روابط کو مزید پروان چڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ترقی و تحقیق کے ثمرات سے فائدہ اٹھا کر برآمدات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جاسکے۔
انہوں نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کو ٹیکسٹائل اندسٹری کے لئے انتہائی قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے جامعہ ہذا کے ویونگ،سپننگ،پراسیسنگ،کمپیوٹرائز ٹیکسٹائل ڈیزائننگ،فائبر ٹیکنالوجی،ٹیکسٹائل لیبارٹری اور دیگر شعبوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کے محل وقوع اور انفراسٹرکچر کی دستیابی کے حوالے سے صنعتوں کا یونیورسٹی سے رابطہ مضبوط بنایا جا ئے گا۔انہوں نے جامعہ میں ٹیکسٹائل کی صنعتوں کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ معیار کی تدریسی وتحقیقی سہولیات فراہم کرنے کو سراہا۔