فیصل آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمدنے کہا ہے کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے ۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے لیے اجتماعی اور انفرادی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی یونین کونسل میں عملہ صفائی کی جانب سے کوڑاکرکٹ کو آگ لگائے جانے کی شکایت یا واقعہ رونما ہونے کی تمام ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ منیجر کی ہو گی جبکہ متعلقہ افسر و ماتحت عملہ کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کہ شہری حدود میں شامل کچی سڑکوں کا سروے بھی کیا جارہاہے
اور وہاں مؤثر پلاننگ کے ذریعے روزانہ پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے گااس کے علاوہ کوڑ اکرکٹ کی شہر سے باہر منتقلی کے دوران گاڑیوں کو جال یا ترپال کے ساتھ ڈھانپ کر لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے ممکنہ خطرات سے بچنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو آگاہی مہم کے ذریعے سموگ سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بارے بھی بتائیں جبکہ سینٹری ورکرز کی تربیت کے لئے روزانہ کارنر میٹنگز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔