فیصل آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان دکاندار کو قتل کردیا۔ سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیکر ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ میں شہری رمیز سرور ولد رشید احمد ملت چوک پیزا ہاٹ کے سامنے بیٹھا ہوا تھا کہ 3 موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے نوجوان کی نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ سی پی او کامران عادل نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی مدینہ ڈویژن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ایس پی مدینہ ڈویژن کو ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ سی پی او نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام ٹیکنیکل ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔