فیصل آباد ، سموگ کی سنگین صورتحال کے باعث مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایت

107
فیصل آباد ، سموگ کی سنگین صورتحال کے باعث مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 11 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں سموگ کی سنگین صورتحال کے باعث مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس پر فوری عملدرآمد شروع ہوکر17 نومبر تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ تمام شاپنگ مالز، دکانیں، ریسٹورنٹس آج سے رات 8 بجے بندہوجایاکریں گے جبکہ ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ، آؤٹ ڈور فیسٹیولز، کنسرٹس پر بھی پابندی ہوگی تاہم فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، بیکریوں کواستثنیٰ حاصل ہوگانیزبڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورزصرف گروسری ایریا کھول سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظرعوام کے بہترین مفاد میں مذکورہ فیصلہ کیا گیاہے۔