فیصل آباد روڈ بائی پاس چوک کے قریب 10 ہزار لیٹر گنجائش کا ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا، حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
فیصل آباد روڈ بائی پاس چوک کے قریب ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا،ڈرائیور زخمی

مزید خبریں
چنیوٹ ۔ 04 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد روڈ بائی پاس چوک کے قریب 10 ہزار لیٹر گنجائش کا ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا، حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی و حفاظتی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کی شناخت علی رضا ولد نور محمد، عمر 34 سال، سکنہ شاہ کوٹ کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ڈرائیور کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔حادثے کے پیش نظر ڈیزل کے ممکنہ اخراج اور آگ لگنے کے خطرے کے باعث ریسکیو 1122 کی ایمبولینس، فائر فائٹنگ اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر حفاظتی اقدامات کیے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد عمران بھٹہ بھی جائے حادثہ پر موجود رہے اور امدادی کارروائیوں سمیت حفاظتی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔
ریسکیو 1122 کی نگرانی میں الٹے ہوئے آئل ٹینکر سے ڈیزل دوسرے ٹینکر میں منتقل کیا گیا، جس کے بعد خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آئل ٹینکر کو بحفاظت سیدھا کر لیا گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بروقت امدادی کارروائیوں اور حفاظتی اقدامات کے باعث آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔







