یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) نے دیہی و زرعی برادریوں کو ڈیجیٹل دھارے میں شامل کرنے اور ان کی معاشی خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے سرگودہا اور گوجرانوالہ کے اضلاع کا تین روزہ مشترکہ مطالعاتی دورہ مکمل کر لیا
یو ایس ایف اور پی ڈی اے کا دیہی و زرعی برادریوں کو ڈیجیٹل دھارے میں شامل کرنے کے لیے سرگودہا اور گوجرانوالہ کے اضلاع کا تین روزہ مطالعاتی دورہ مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) نے دیہی و زرعی برادریوں کو ڈیجیٹل دھارے میں شامل کرنے اور ان کی معاشی خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے سرگودہا اور گوجرانوالہ کے اضلاع کا تین روزہ مشترکہ مطالعاتی دورہ مکمل کر لیا ۔ترجمان یو ایس ایف کے مطابق اس فیلڈ وزٹ کا بنیادی مقصد کسانوں کی تکنیکی ضروریات، ان کے مسائل اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں حائل رکاوٹوں کو سمجھنا تھا تاکہ ہدف کے مطابق اقدامات کے ذریعے ان کا تدارک کیا جا سکے۔ دورے کے دوران یو ایس ایف کے ’’نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ‘‘ (NG-BSD) پروگرام کے زیر انتظام سیلولر ٹاورز کے اطراف واقع بستیوں میں مقامی کسانوں، بیوپاریوں اور کمیشن ایجنٹس (آڑھتیوں) سے آمنے سامنے بات چیت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق اس فیلڈ وزٹ سے حاصل ہونے والی زمینی معلومات اور تجاویز کو’’نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان‘‘ کے تحت وضع کیے جانے والے ڈیجیٹل اقدامات میں شامل کیا جائے گا جس سے دیہی رابطوں کو حقیقی معاشی ترقی میں بدلنے میں مدد ملے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یو ایس ایف کے نزدیک ڈیجیٹل شمولیت کا مطلب صرف انٹرنیٹ نیٹ ورک پھیلانا نہیں بلکہ دیہی آوازوں اور ان کی آرا کو ان کے لیے تیار کی جانے والی ڈیجیٹل سروسز کا حصہ بنانا ہے۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے ساتھ یہ شراکت داری محروم طبقات کو نیٹ ورک سے جوڑنے اور ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ کے خواب کو حقیقت بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔







