چیئرمین پی سی بی کی گیانا میں آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان ٹیم کو مبارکباد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے گیانا میں آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان اوور 40 کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے گیانا میں آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان اوور 40 کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اوور 40 کرکٹ ٹیم نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ملک کا نام روشن کیا۔ گیانا کے میدانوں میں ورلڈ کپ جیتنا پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں 15 عالمی ٹیموں کی موجودگی کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں ویٹرنز کرکٹ کے فروغ اور اس شاندار کامیابی میں فواد اعجاز خان اور پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر تمام کھلاڑی اور منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اوور 40 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مزید خبریں