فول پروف ڈیجیٹل دفاع ناگزیر،ایک غلط کلک پورے نظام کو غیر محفوظ بنا سکتی ہے، این ٹی سی

نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)نے خبردار کیا ہے کہ ہائپر کنیکٹیوٹی اور تیز ترین رابطوں کے موجودہ دور میں سکیورٹی میں معمولی سی بھی خلاف ورزی یا صرف ایک غیر محتاط کلک پورے نظام کو پلک جھپکتے ہی غیر محفوظ اور اہم ترین آپریشنز کو درہم برہم کر سکتی ہے

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)نے خبردار کیا ہے کہ ہائپر کنیکٹیوٹی اور تیز ترین رابطوں کے موجودہ دور میں سکیورٹی میں معمولی سی بھی خلاف ورزی یا صرف ایک غیر محتاط کلک پورے نظام کو پلک جھپکتے ہی غیر محفوظ اور اہم ترین آپریشنز کو درہم برہم کر سکتی ہے۔این ٹی سی کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام کے مطابق، تیز رفتار رابطوں نے بلاشبہ کام کی کارکردگی اور رفتار کو بڑھایا ہے، مگر اس کے ساتھ ہی سائبر حملوں کے خطرات میں بھی کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ادارے نے اس امر پر دوٹوک زور دیا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں سائبر سکیورٹی اب کوئی اختیاری یا ثانوی چیز نہیں رہی، بلکہ یہ ایک ناگزیر ’ڈیجیٹل دفاع‘ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ اس دفاع کا بنیادی مقصد ان تمام حساس نیٹ ورکس، جدید سسٹمز اور اہم ڈیٹا کو فول پروف تحفظ فراہم کرنا ہے جو پورے پاکستان کے مواصلاتی رابطوں کو ہمہ وقت فعال رکھے ہوئے ہیں۔پیغام میں واضح کیا گیا کہ ترقی کی راہ پر گامزن ایک مربوط اور ڈیجیٹل پاکستان تب ہی پائیدار رہ سکتا ہے جب وہ سائبر خطرات کے سامنے مکمل طور پر محفوظ اور ناقابلِ تسخیر ہو۔