پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی باہمی اعتماد اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظہر ہے، دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں، شزا فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات اخوت، باہمی اعتماد اور غیر مشروط یکجہتی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات اخوت، باہمی اعتماد اور غیر مشروط یکجہتی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، دونوں برادر ممالک نے ہر عالمی فورم پر ایک دوسرے کے اصولی موقف کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت کی ہے اور یہ تاریخی رشتے اب تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور بالخصوص ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے جدید میدانوں میں ایک فعال شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں جمہوریہ آذربائیجان کے ’’یوم فتح‘‘ کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ آذربائیجان کے سفیر عرفان دائودوف کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل سرفراز، وفاقی کابینہ کے ارکان، اراکین پارلیمنٹ، دوست ممالک کے سفیروں، سینئر عسکری و سول حکام اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آذری حکومت اور عوام کو یوم فتح پر دلی مبارکباد پیش کی اور نو تعینات سفیر عرفان دائودوف کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔شزا فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر مشروط حمایت کی ہے جبکہ باکو نے بھی عالمی فورمز پر مقبوضہ کشمیر کے تنازع سمیت ہر بین الاقوامی معاملے میں پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی باکو میں یوم فتح کی پریڈ میں تاریخی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ترانوں کی گونج اور افواج کے اشتراک نے دنیا پر باہمی اتحاد ثابت کیا۔وفاقی وزیر نے ڈیجیٹل تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صدر آذربائیجان کی جانب سے اسلام آباد میں قائم کردہ ’’آسان خدمت مرکز‘‘ برادرانہ تعلقات کی ایک روشن مثال ہے جس کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام تر سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت اس جدید ماڈل کو آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے جولائی 2024ء میں دونوں ممالک کے درمیان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے مفاہمتی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت، ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ممالک کی پیش رفت انتہائی حوصلہ افزا ءہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی مسلسل ترقی، خودمختاری اور امن و استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ لگایا ’’پاکستان آذربائیجان دوستی زندہ باد.