پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 6 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی، اکتوبر میں 26 ہزار 843 نئے اکائونٹس کھولے گئے، ایس ای سی پی

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور صرف اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 26 ہزار 843 نئے سرمایہ کاروں نے اکائونٹس کھولے جس کے بعد سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی


اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور صرف اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 26 ہزار 843 نئے سرمایہ کاروں نے اکائونٹس کھولے جس کے بعد سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)کے مطابق سال 2026 کے دوران اب تک سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں دو لاکھ سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں بھی اکتوبر کے دوران 1077 نئے اکائونٹس کھولے گئے جس سے وہاں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 915 ہو گئی ہے۔ایس ای سی پی کے اعدادوشمار کے مطابق نئے سرمایہ کاروں میں نوجوانوں کی نمایاں تعداد شامل ہے، اکتوبر میں کھولے گئے نئے اکائونٹس میں 55 فیصد حصہ 18 سے 30 سال کی عمر کے افراد کا رہا جبکہ 77 فیصد اکائونٹس چھوٹے سرمایہ کاروں نے کھولے، اس دوران 801 بڑے سرمایہ کاروں اور 42 کارپوریٹ اکائونٹس کا بھی اندراج کیا گیا، نئے اکائونٹس میں مردوں کا حصہ 85 فیصد جبکہ خواتین کا حصہ 15 فیصد رہا۔ مرد سرمایہ کاروں نے 22 ہزار 878 جبکہ خواتین نے 3 ہزار 923 نئے اکائونٹس کھولے۔ عمر کے لحاظ سے 18 سے 30 سال کے افراد نے 14 ہزار 634 اور 31 سے 45 سال کی عمر کے افراد نے 9 ہزار 290 اکائونٹس کھولے۔علاقائی اعتبار سے پنجاب 14 ہزار 891 نئے اکائونٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، سندھ میں 7 ہزار 643، خیبر پختونخوا میں 1894 اور اسلام آباد میں 1419 نئے اکائونٹس کھولے گئے۔ اسی طرح بلوچستان سے 370، آزاد کشمیر سے 340، گلگت بلتستان سے 150 جبکہ بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کی جانب سے 136 نئے اکائونٹس کھولے گئے۔ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اکائونٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ صرف سال 2026 کے دوران اب تک سٹاک مارکیٹ میں 13 نئی پبلک آفرنگز بھی ہو چکی ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج کے کے ایس ای 100 انڈیکس نے مالی سال 2025-26 کے دوران 43.5 فیصد منافع دیا۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ سرمایہ کاری کو آسان اور محفوظ بنانا اور سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ کمیشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مارکیٹ میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے جس کا مقصد عوام کو سرمایہ کاری کے مواقع، طریقہ کار اور اس کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔