گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایس آئی ایف سی کا دورہ

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکام کے ہمراہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکام کے ہمراہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ملاقات میں مشیر صنعت ڈاکٹر محمد ارشاد، مشیر منصوبہ بندی و ترقی عثمان سیف اللہ،سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی نثار احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر اکنامک زونز اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اراکین بھی موجود تھے۔ بدھ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع، خصوصی اقتصادی زونز کی استعداد سے بھرپور استفادے اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی کو ایس آئی ایف سی کےکردار، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری آسانیوں کے لیے جاری ضابطہ جاتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ گورنر نےخیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے استفادے اور اس مقصد کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔