پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں تعلیم، اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، ثقافتی تبادلوں اور علمی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کی جامعات اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگراموں، وظائف کے مواقع میں اضافے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عربی زبان و ادب کے فروغ اور مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ دفاع سے متعلق تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی زیر غور آئے۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کے درمیان شراکت داری، مشترکہ تحقیق اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلے سے علمی معیار اور انسانی وسائل کی ترقی میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ مسلسل وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ اقدامات کے ذریعے مختلف شعبوں میں اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔ سعودی سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور تعلیم، اعلیٰ تعلیم، عربی زبان اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی مشاورت اور ادارہ جاتی روابط کے ذریعے تعلیم و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں