آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں فیصل آباد میں مہاجرین کے دو حلقوں، ایل اے 34 جموں ون اورایل اے 42 وادی کشمیر تھری کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
فیصل آباد میں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے مہاجرین کے دو حلقوں کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری
فیصل آباد۔ 02 اگست (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں فیصل آباد میں مہاجرین کے دو حلقوں، ایل اے 34 جموں ون اورایل اے 42 وادی کشمیر تھری کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق، ضلع بھر میں قائم سات مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں پر267 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابی عمل کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے تھے۔
پولنگ مقررہ وقت کے مطابق شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ ضلع فیصل آباد میں دونوں حلقوں کے لیے مجموعی طور پر سات مشترکہ پولنگ اسٹیشن اور 14 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ حلقہ ایل اے 34 جموں ون میں پانچ پولنگ اسٹیشن اور 10 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں مجموعی طور پر 157 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 64 مرد اور 93 خواتین شامل ہیں جبکہ اس حلقے میں 17 امیدوار انتخابی میدان میں نبرد آزما ہیں۔ اسی طرح حلقہ ایل اے 34 جموں ون کے لیے تحصیل سٹی فیصل آباد میں گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کوتوالی روڈ پر قائم پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں 111 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جن میں 47 مرد اور 64 خواتین شامل ہیں۔
تحصیل چک جھمرہ میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں سات ووٹر رجسٹرڈ ہیں جن میں چھ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ تحصیل جڑانوالہ میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول میں دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں 26 ووٹر ووٹ ڈال رہے ہیں جن میں 19 مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔ اسی طرح تحصیل سمندری میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر دو میں قائم پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں چھ ووٹرزرجسٹرڈ ہیں جن میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں جبکہ تحصیل تاندلیانوالہ میں گورنمنٹ ہائی سکول کے پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں آٹھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں دو مرد اور چھ خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب حلقہ ایل اے 42 وادی کشمیر تھری میں مجموعی طور پر 110 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 47 مرد اور 63 خواتین شامل ہیں جبکہ اس نشست پر سات امیدوارایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ اس حلقے کے لیے دو پولنگ اسٹیشن اور چار پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ تحصیل سٹی فیصل آباد میں گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں 105 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 60 مرد اور 45 خواتین شامل ہیں۔
اسی طرح تحصیل جڑانوالہ میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں قائم پولنگ اسٹیشن پر دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں پانچ ووٹرز ووٹ ڈالیں گے جن میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں اور انتخابی عمل کو آزاد، منصفانہ اور پرامن بنانے کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔








