الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے قراقرم رینج میں براڈ چوٹی (8,047 میٹر) پر تباہ کن برفانی تودہ گرنے سے متعدد کوہ پیماؤں کی اموات کے المناک نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کا براڈ پیک برفانی تودہ کے سانحہ پر اظہار تعزیت

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے قراقرم رینج میں براڈ چوٹی (8,047 میٹر) پر تباہ کن برفانی تودہ گرنے سے متعدد کوہ پیماؤں کی اموات کے المناک نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں اے سی پی کے صدر عرفان ارشد خان نے کہا کہ واقعے سے پاکستان اور دنیا بھر میں کوہ پیمائی برادری گہرے دکھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا سانحہ عالمی کوہ پیما برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، بہادر کوہ پیما مختلف قوموں سے تعلق رکھتے تھے۔ الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے انہوں نے سوگوار خاندانوں، دوستوں، مہم کے منتظمین اور سانحہ سے متاثرہ تمام ممالک کی کوہ پیمائی برادریوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت اور حوصلہ پائیں۔ عرفان ارشد خان نے سرچ اینڈ ریکوری آپریشن میں شامل ٹیموں کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جن میں پاکستان آرمی ایوی ایشن، پاکستان آرمی کے دیگر عناصر، حکومت گلگت بلتستان کے محکمے، حکومت نیپال اور مقامی کوہ پیما شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل موسم اور ماحول میں ان کی ہمت، عزم اور بے لوث کوششیں انسانیت اور کوہ پیمائی کی حقیقی روح کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں پہاڑ اپنی خوبصورتی سے متاثر کرتے ہیں، وہیں وہ ہمیں بلند ہمالیہ اور قراقرم میں جانے والوں کو درپیش بے پناہ خطرات کی بھی یاد دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہاان کوہ پیماؤں کی میراث آنے والی نسلوں کو ان کی ہمت، عزم اور پہاڑوں سے محبت کی ترغیب دیتی رہے گی۔








