فیصل آباد میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال لمیٹڈ اورانٹر لوپ لمیٹڈ کا جدید ہسپتال، جلد آپریشنل کیا جائے گا

شفاء انٹرنیشنل ہسپتال لمیٹڈ کے زیرِ انتظام اور Interloop Limited کے اشتراک سے قائم شفا انٹرنیشنل ہسپتال فیصل آباد جلد باقاعدہ طور پر طبی خدمات کا آغاز کرے گا،

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):شفاء انٹرنیشنل ہسپتال لمیٹڈ کے زیرِ انتظام اور Interloop Limited کے اشتراک سے قائم شفا انٹرنیشنل ہسپتال فیصل آباد جلد باقاعدہ طور پر طبی خدمات کا آغاز کرے گا، جو شہر اور گردونواح کے لیے جدید اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔423 بستروں پر مشتمل اس جدید ٹرشری کیئر ہسپتال میں تشخیص، علاج، سرجری اور بحالی صحت سمیت ہمہ جہت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ابتدائی مرحلے میں 166 بستروں کو فعال کیا جا رہا ہے، جن میں جدید سہولیات سے آراستہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ بھی شامل ہے، جہاں مریضوں کو فوری اور معیاری طبی امداد میسر ہوگی۔اس سلسلے میں ہسپتال میں ایک اوپن ہاؤس سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی میڈیکل کمیونٹی کے اراکین، شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے کنسلٹنٹس اور سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ شرکاء کو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات سمیت مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے چیف آپریٹنگ آفیسر تیمور شاہ نے کہا کہ ادارہ اپنی معیاری اور عالمی سطح کی صحت خدمات کو فیصل آباد تک وسعت دے رہا ہے تاکہ مقامی سطح پر مریضوں کو جدید اور محفوظ ماحول میں علاج کی سہولت میسر آ سکے۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر خواجہ جنید مصطفیٰ نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور ماہر طبی عملے کی بدولت مریضوں کو جامع اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر چیئرمین انٹرلوپ مصدق ذوالقرنین نے کہا کہ ہسپتال کے مکمل فعال ہونے سے فیصل آباد کے شہریوں کو معیاری علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔شرکاء نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال فیصل آباد اور گردونواح کے عوام کو معیاری اور باآسانی دستیاب طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔