فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح جمعہ کو فیصل آباد میں بھی کرسمس کے تہوارکا جوش و جذبے سے انعقادکیا گیا جبکہ کرسمس کی خوشی میں مسیحی برادری کے تمام گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کاا ہتمام کیا گیا جس میں مسیحی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرایک دوسرے کو مبارکبادپیش کرنے سمیت پاکستان کی سلا متی …
فیصل آباد میں کرسمس کا جوش و جذبے سے انعقاد،گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات ہوئیں

مزید خبریں
فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح جمعہ کو فیصل آباد میں بھی کرسمس کے تہوارکا جوش و جذبے سے انعقادکیا گیا جبکہ کرسمس کی خوشی میں مسیحی برادری کے تمام گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کاا ہتمام کیا گیا جس میں مسیحی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرایک دوسرے کو مبارکبادپیش کرنے سمیت پاکستان کی سلا متی و خوشحالی، اخوت و یگانگت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی دعائیں مانگی گئیں۔کرسمس کی مرکزی تقریب ریلوے رورڈکیتھولک چرچ میں منعقد ہوئی جہاں بشپ آف فیصل آباد اندریاس رحمت نے خصوصی دعاکروائی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ اسلام نے صبر،برداشت،نیکی، خیر خواہی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ نے تمام انسانوں کو نیک اور پاک صاف زندگی گزارنے میں رہنمائی مہیا کی اور ان پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ سے رحمت کے طلب گار ہوں۔اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے اور چرچز سمیت مسیحیوں کی دیگر عبادت گاہوں اور ان کے تفریحی مقامات و میلوں کے انعقاد کی جگہوں پر مطلوبہ تعداد میں پولیس کے باوردی اہلکار تعینات تھے نیز حساس چرچز کے قریب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت ان کی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی گئی تھی۔علاوہ ازیں فیصل آباد کے تمام بڑے پارکوں میں مسیحی برادری کی خواتین،بچے اور بڑے کرسمس کے پرمسرت دن کے حوالے سے تفریح سے لطف اندوز ہوتے اور خوشیاں بانٹتے رہے۔ اس موقع پر تمام چرچز کو برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔








