نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے نَسٹ انٹرن شپ پروگرام فار انٹرنیشنل سٹوڈنٹس (این آئی پی آئی ایس-2026) کے شرکاء کے ساتھ ایک خصوصی تبادلہ خیال کی نشست کی۔ اس موقع پر پرو ریکٹر (آر آئی سی ) ڈاکٹر رضوان ریاض بھی موجود تھے۔
ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کی این آئی پی آئی ایس-2026 کے شرکاء کے ساتھ خصوصی تبادلہ خیال کی نشست

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے نَسٹ انٹرن شپ پروگرام فار انٹرنیشنل سٹوڈنٹس (این آئی پی آئی ایس-2026) کے شرکاء کے ساتھ ایک خصوصی تبادلہ خیال کی نشست کی۔ اس موقع پر پرو ریکٹر (آر آئی سی ) ڈاکٹر رضوان ریاض بھی موجود تھے۔
انٹرنز سے گفتگو کرتے ہوئے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے بین الاقوامی طلبہ کی شمولیت کو عوامی سطح پر روابط کے فروغ، بین الثقافتی ہم آہنگی اور علمی تعاون کے فروغ کے لئے انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی پی آئی ایس جیسے اقدامات دنیا بھر سے باصلاحیت طلبہ کو نسٹ میں یکجا کرکے علمی و ثقافتی تبادلے کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور یوں نسٹ کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی تشخص اور عالمی روابط کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ریکٹر نے نسٹ کے علمی و تحقیقی نظام، جامعہ کے تعلیمی و تحقیقی منظرنامے اور مستقبل کے حوالے سے نسٹ کے وژن پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے انٹرنز کو جامعہ میں دستیاب تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ وارانہ مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔نشست کے اختتام پر ایک غیر رسمی اوپن ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران بین الاقوامی انٹرنز نے نسٹ میں اپنے تجربات، اپنے تعلیمی سفر اور حاصل ہونے والے علمی و ثقافتی تجربات کا تبادلہ کیا۔ شرکاء نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اپنے مستقبل کے تعلیمی اہداف سے متعلق مختلف امور پر ریکٹر کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔ این آئی پی آئی ایس نسٹ کا ایک اہم بین الاقوامی انٹرن شپ پروگرام ہے جو 2018 سے دوست ممالک کے طلبہ کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے بین الاقوامی طلبہ کو پاکستان کے علمی و تحقیقی ماحول سے روشناس ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی بھرپور ثقافتی ورثے کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔رواں سال این آئی پی آئی ایس نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے بیچ کی میزبانی کی ہے جس میں 15 ممالک سے 51 بین الاقوامی انٹرنز شرکت کر رہے ہیں۔ یہ انٹرنز نسٹ میں ایک منفرد تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی تجربے سے مستفید ہو رہے ہیں جو پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان علمی و ثقافتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔








