فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور پی ٹی ڈی سی میں سیاحت کے فروغ کیلئےتعاون کوبڑھایا جائے گا، صدف ظفر

134
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ پنجاب صدف ظفر نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور پی ٹی ڈی سی میں تعاون کوبڑھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہر دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کیلئے انتہائی متبرک اور مقدس ہیں جن کے پوٹینشل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے تاریخی مقامات کی سیر کیلئے دو بسیں مہیا کر دی گئی جن کے ذریعے مقامی، ملکی اور غیر ملکی سیاح اس شہر کو زیادہ بہتر طور پرسمجھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاحت کے فروغ کیلئے ایک ہزار طلبہ کوانٹرن شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ محترمہ صدف ظفر کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص بے شمار تفریحی اور سیاحتی مقامات موجود ہیں مگر ہم اُن سے فائدہ نہیں اٹھارہے۔

انہوں نے مری میں سفاری ٹرین اور تفریحی بسیں چلانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پٹریاٹا کی چیئر لفٹ کو جدید بنانے اور وہاں زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سے میٹنگ کر کے باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی اور تفریحی مقامات کی مؤثر تشہیر او رمارکیٹنگ کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔

انہوں نے لاہور کے قلعے کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ چنیوٹ کے نزدیک دریائے چناب پر پی ٹی ڈی سی کا سیاحتی مقام تھا جس کی حالت انتہائی مخدوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا کا میوزیم عالمی شہر ت رکھتا ہے تاہم ہمیں مختلف شہروں کی تاریخی اور تفریحی مقامات کی نشاندہی کر کے اُن کے بارے میں کتابچے شائع کرنے چاہئیں۔ ایگزیکٹو ممبر ندیم اقبال نے کہا کہ کے ٹو سے جتنا ریونیو حاصل ہوتا ہے اس سے دو اعلیٰ معیار کے ہوٹل تعمیر کئے جا سکتے ہیں۔

آخر میں سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے صدف ظفر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اِس موقع پر طارق چوہدری، ایم شاہد اور محمد جمیل کسانہ ودیگر بھی موجود تھے۔