فیصل آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کیلئے مقررہ رقبہ پر گندم کی کاشت کے ہدف کا50فیصد ٹارگٹ مکمل کرلیا گیاجبکہ باقی ہدف کی تکمیل برق رفتاری سے جاری ہے۔
ڈویژنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے اے پی پی کو بتایا کہ اس سال پنجاب میں 1کروڑ60 لاکھ ایکڑسے زائد رقبہ کو گندم کے زیر کاشت لایا جا رہا ہے جبکہ حکومت کاشتکاروں کوگندم کے تصدیق شدہ بیج کی فراہمی بھی یقینی بنارہی ہے تاکہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرکے بھرپور منافع کماسکیں۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤ مہم میں کاشتکار منظور شدہ اقسام دلکش20،اکبر19،بھکر سٹار،دیوان، فخر بھکراور سبحانی21وغیرہ کی کاشت کریں اور گندم کی کاشت 20 نومبر تک مکمل کرلیں جبکہ محکمانہ سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ گندم کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گندم کی فصل میں فاسفورسی کھاد کا استعمال دوگنا ہو گیا ہے اور زیادہ رقبہ پرگندم کی بروقت کاشت سے فی ایکڑپیداوار میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائندگان اور فرٹیلائزر ڈیلرز پر زور دیا کہ وہ حکومت پاکستان کے گرین انیشی ایٹو پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں اور کاشتکاروں کو معیاری کھادوں کی کنٹرول نرخوں پر بروقت دستیابی یقینی بنائیں تا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے زرعی خود کفالت کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا، اساتذہ اور محکمہ زراعت توسیع کا عملہ ”زیادہ گندم اگاؤ مہم”کے تحت کاشتکاروں کے ڈیروں پرجا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرے گاجبکہ گندم اگاؤ مہم کے تحت ماہرین ڈویژن بھر میں کاشتکاروں کے ڈیروں میں جا کر انہیں گندم کے وقت کاشت، ڈرل کاشت،ترقی دادہ اقسام، کھادوں کے متوازن استعمال، زیرو ٹیلج اور دیگر زرعی امور کے بارے میں پریکٹیکل ڈیمانسٹریشن بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کی مشاورت اور فرٹیلائزرڈیلرز کی کھادوں کی بروقت فراہمی سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے کاشتکار خوشحال اور ملکی معیشت بحالی ممکن ہو گی۔