فیفاورلڈکپ،کانگو کے مضبوط دفاع کے باعث پرتگال کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر،رونالڈوجادو چلانے میں ناکام

فیفا ورلڈکپ 2026 کےگروپ K کے ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں ڈی آر کانگو نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ سٹار کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کو 1-1 سے برابری پر روک کر سب کو حیران کر دیا۔

ہیوسٹن۔18جون (اے پی پی):فیفا ورلڈکپ 2026 کےگروپ K کے ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں ڈی آر کانگو نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ سٹار کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کو 1-1 سے برابری پر روک کر سب کو حیران کر دیا۔ای ایس پی این کے مطابق ہیوسٹن میں کھیلے گئے گروپ K کے اس اہم میچ کا آغاز پرتگال نے انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور چھٹے ہی منٹ میں ژاؤ ناویس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم پرتگال کو کانگو کے خلاف 0-1کی زبردست برتری دلا دی۔ ابتدائی ہاف میں پرتگال کی ٹیم مکمل طور پر چھائی رہی اور گیند زیادہ تر اپنے قبضے میں رکھ کر کانگو پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا، جس کے دوران کرسٹیانو رونالڈو اور برونو فرنینڈس حریف کے دفاع میں شگاف ڈالنے کی کوششیں کرتے نظر آئے۔

تاہم، کانگو نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں یان ویسا نے ایک سحر انگیز موو بناتے ہوئے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان بالادستی قائم کرنے کی جنگ مزید تیز ہو گئی جہاں پرتگال کے کینسلو نے ایک گول سکور بھی کیا لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں کانگو کی دفاعی لائن لوہے کی دیوار ثابت ہوئی جس نے پرتگال کے پے در پے حملوں کو ناکام بنا کر میچ مقررہ وقت تک برابر رکھا اور پرتگال کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔