فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے دانشمندانہ و مؤثر کردار ادا کیا،بشریٰ رند

بلوچستان اسمبلی کی سابق رکن بشریٰ رند نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی کی سابق رکن بشریٰ رند نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے موجودہ علاقائی صورتحال میں امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے دانشمندانہ اور مؤثر کردار ادا کیا جس کے مثبت اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔

بشریٰ رند نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کا داعی رہا ہے اور حالیہ پیش رفت نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنے وقار اور ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ بلوچستان اسمبلی کی سابق رکن بشریٰ رند نےکہا کہ اس اہم سفارتی کامیابی نے پاکستان کے خلاف کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں رد کیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

بشریٰ رند نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی امن، باہمی احترام اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید ترقی، استحکام اور کامیابیاں عطا فرمائے اور بلوچستان سمیت پورے ملک کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔