آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی بتدریج بحالی سے تیل کی عالمی منڈی 2027 میں سرپلس ہو جائے گی، بین الاقوامی توانائی ایجنسی

بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے تیل کی مارکیٹ پر اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل کی عالمی منڈی آبنائے ہرمز کی بندش سے بتدریج بحال ہو کر 2027 میں خاطرخواہ حد تک سرپلس ہو جائے گی۔

پیرس۔18جون (اے پی پی):بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے تیل کی مارکیٹ پر اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل کی عالمی منڈی آبنائے ہرمز کی بندش سے بتدریج بحال ہو کر 2027 میں خاطرخواہ حد تک سرپلس ہو جائے گی۔ العربیہ اردو کے مطابق آئی ای اے نے کہا کہ اگر معاہدہ برقرار رہے تو خلیج سے برآمدات اور پیداوار میں بتدریج بحالی نظر آئے گی اور اس کی اہم ترین وجہ یہ ہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد ایرانی تیل کی برآمدات مکمل طور پر دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں۔

آئی ای اے نے 2027 میں ابتدائی امکانات کے بارے میں کہا کہ اس کے بعد تیل کی منڈی اگلے سال رسد کے ایک اہم اور تیز رفتار مرحلے میں داخل ہو جائے گی اور عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں 80 لاکھ بیرل جبکہ طلب میں صرف 20 لاکھ بیرل یومیہ کا اضافہ ہو گا۔ ادارے نے کہا کہ جیسا کہ ممالک بحران کے جواب میں اپنی توانائی پالیسی پر نظرِثانی کر رہے ہیں تو اس سے منڈی کو ایک خوش آئند مہلت اور ختم شدہ ذخائر دوبارہ بھرنے یا نئے سٹریٹجک ذخائر بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔