فیفا سیریز 2026 کی توسیع کا باضابطہ اعلان، مردوں اور خواتین کی قومی ٹیمیں پہلی بار ایک ہی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر مقابلہ کریں گی

خرم شہزاد زیورخ ۔21نومبر (اے پی پی):عالمی فٹ بال کی اعلیٰ تنظیم فیفا نے مردوں اور خواتین کی قومی ٹیموں کے لئے ’’فیفا سیریز 2026‘‘ کے توسیعی ایڈیشن کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے جو آئندہ برس مارچ اور اپریل کے بین الاقوامی میچ ونڈو کے دوران منعقد ہوگا۔فیفا سیریز کا یہ دوسرا ایڈیشن مارچ 2024 میں منعقد ہونے والے کامیاب پائلٹ مرحلے کی بنیاد پر مزید وسعت کے ساتھ …

خرم شہزاد

زیورخ ۔21نومبر (اے پی پی):عالمی فٹ بال کی اعلیٰ تنظیم فیفا نے مردوں اور خواتین کی قومی ٹیموں کے لئے ’’فیفا سیریز 2026‘‘ کے توسیعی ایڈیشن کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے جو آئندہ برس مارچ اور اپریل کے بین الاقوامی میچ ونڈو کے دوران منعقد ہوگا۔فیفا سیریز کا یہ دوسرا ایڈیشن مارچ 2024 میں منعقد ہونے والے کامیاب پائلٹ مرحلے کی بنیاد پر مزید وسعت کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں زیادہ ممالک کو شرکت کا موقع دیا جائے گا اور پہلی مرتبہ خواتین ٹیموں کے لئے بھی الگ مقابلوں کا انعقاد شامل ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد ممالک کے درمیان بامعنی بین الاقوامی مقابلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر فٹ بال کی ترقی کو تقویت دینا ہے۔یہ سیریز فیفا کی ’’عالمی کھیل کے لئے سٹریٹجک اہداف 2023-2027‘‘سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد فنی ترقی، مقابلے کا توازن اور براعظموں کے درمیان تبادلہ خیال کو فروغ دینا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے وہ قومی ٹیمیں بھی فائدہ اٹھا سکیں گی جنہیں دیگر براعظموں کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع کم ملتا ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کا کہنا تھاکہ فیفا سیریز کھلاڑیوں، کوچز اور شائقین کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے اور فٹ بال کی عالمگیریت اور تنوع کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ 2026 کا ایڈیشن مردوں اور خواتین دونوں شعبوں میں اس کے اثرات مزید مضبوط کرے گا۔ مقابلوں کے ذریعے ممالک کو جوڑ کر ہم ہر سطح پر کھیل کو مضبوط بنا رہے ہیں اور مقامی کمیونٹیز کو عالمی سٹیج پر لا رہے ہیں۔مردوں کی فیفا سیریز 2026 کی میزبانی کے لئے آسٹریلیا، آذربائیجان، انڈونیشیا، قازقستان، ماریشس، پورٹو ریکو، روانڈا اور ازبکستان کے ناموں کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ دیگر ممالک سے بھی بات چیت جاری ہے جو آئندہ مہینوں میں میزبانوں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب خواتین کی فیفا سیریز کا آغاز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں ہوگا جبکہ مکمل ٹیموں اور میزبان ممالک کی فہرست 2026 کے آغاز میں جاری کی جائے گی۔سیریز کے تحت ہر گروپ میں مختلف براعظموں کی ٹیمیں دوستانہ مقابلوں میں حصہ لیں گی جس کا مقصد بین الاقوامی کیلنڈر پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔فیفا سیریز کے فوائد صرف میدان تک محدود نہیں بلکہ اس سے نئی کھیلوں کی تکنیک اور حکمت عملی سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔

ابھرتی ہوئی ٹیموں اور نئی مارکیٹس کو تجارتی فوائد حاصل ہوں گے۔مختلف ثقافتوں اور قوموں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔فیفا کونسل کی جانب سے دسمبر 2022 میں منظور کردہ یہ منصوبہ ان ممالک کے لئے بھی کارآمد ہے جو کہ عالمی فٹ بال میں اپنی شناخت مستحکم کرنے کے مرحلے میں ہیں اور اس سے نہ صرف تکنیکی بلکہ انتظامی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔