فیفا نے امریکی سٹار فلورین بالوگن پر لگی پابندی معطل کر دی، بیلجیئم کا فیصلے پر احتجاج

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکا کے سٹار سٹرائیکر فلورین بالوگن پر عائد 1 میچ کی پابندی معطل کرتے ہوئے انہیں بیلجیئم کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کی اجازت دے دی

واشنگٹن۔6جولائی (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکا کے سٹار سٹرائیکر فلورین بالوگن پر عائد 1 میچ کی پابندی معطل کرتے ہوئے انہیں بیلجیئم کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کی اجازت دے دی،بیلجیئم نے اس فیصلے کو فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیفا صدر جیانی انفینٹینو کو کی جانے والی ذاتی فون کال کے بعد فٹبال کی عالمی تنظیم نے امریکی سٹرائیکر فلورین بالوگن پر عائد ریڈ کارڈ کی پابندی معطل کی جس کے بعد وہ بیلجیئم کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں شرکت کے اہل ہو گئے ہیں۔ فلورین بالوگن کو بوسنیا کے خلاف میچ میں مخالف کھلاڑی کے پاؤں پر قدم رکھنے کی وجہ سے ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا جس پر قوانین کے تحت ان پر 1 میچ کی خودکار پابندی عائد ہونی تھی، تاہم فیفا نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 27 کا حوالہ دیتے ہوئے اس پابندی کو 1 سال کے لئے معطل کرنے کا حیران کن فیصلہ جاری کیا ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر فیفا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بڑی ناانصافی کا خاتمہ قرار دیا جبکہ امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو نے بھی اس کارڈ کو منسوخ کرنے کا عوامی سطح پر مطالبہ کیا تھا۔ دوسری جانب بیلجیئم فٹبال ایسوسی ایشن اور ہیڈ کوچ روڈی گارسیا نے اس فیصلے پر شدید حیرت اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فیفا کے اپنے ہی قوانین کی خلاف ورزی اور فیئر پلے کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک 3 گول سکور کرنے والے فلورین بالوگن کی واپسی کو امریکی ہیڈ کوچ مائوریشیو پوچیٹینو اور سٹار فارورڈ کرسچن پلسک نے ٹیم کے لئے بڑی تقویت قرار دیا ہے کیونکہ امریکی ٹیم 2002 کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لئے پرعزم ہے۔