فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ہیٹ ٹرکس کی تاریخ، بوکایو ساکا کا نام بھی فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

انگلینڈ کے بوکایو ساکا نے فرانس کے خلاف میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کر کے خود کو اس کھیل کی تاریخ کے ان عظیم لیجنڈز کی صف میں شامل کر لیا جنہوں نے اس مشکل ترین مرحلے پر یہ کارنامہ انجام دیا۔

نیویارک۔19جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کے بوکایو ساکا نے فرانس کے خلاف میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کر کے خود کو اس کھیل کی تاریخ کے ان عظیم لیجنڈز کی صف میں شامل کر لیا جنہوں نے اس مشکل ترین مرحلے پر یہ کارنامہ انجام دیا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے اعصاب شکن ناک آؤٹ مرحلے میں ہیٹ ٹرک سکور کرنا دنیا کے کسی بھی کھلاڑی کے لئےایک نایاب اور تاریخی اعزاز سمجھا جاتا ہے،اس ایونٹ کی نوے سالہ تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو 1930 کے افتتاحی ورلڈ کپ میں یوراگوئے کے پیڈرو سِیا ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی ہیٹ ٹرک بنانے والے کھلاڑی بنے تھے جس کے بعد اینجلو شیاوِیو، ایڈمنڈ کونین، اولڈریچ نیجیدلی، ارنسٹ ولیمووسکی، لیونیڈاس، گستاو ویٹرسٹروم اور ہیری اینڈرسن جیسے کھلاڑیوں نے ابتدائی ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے جادوئی کھیل سے تاریخ رقم کی۔ فٹ بال کے بادشاہ پیلے نے 1958 کے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف اور اسی سال جسٹ فونٹین نے 4 گول داغ کر دنیا کو حیران کیا اور 1966 میں یوسیبیو کی شاندار پرفارمنس اور جیوف ہرسٹ کی فائنل میں تاریخی ہیٹ ٹرک نے انگلینڈ کو ورلڈ چیمپئن بنایا جس کے تسلسل کو بعد میں ایگور بیلانوف، ایمیلیو بٹراگوئینو اور ٹامس اسکوراوی نے برقرار رکھا۔ جدید فٹ بال کے دور میں 2022 کے ورلڈ کپ کے دوران گونکالو راموس اور فائنل میں فرانس کے کیلین ایمباپے کی سنسنی خیز ہیٹ ٹرک کے بعد اب بوکایو ساکا کی اس شاندار انٹری نے ناک آؤٹ مرحلے کی اس تاریخی فہرست کو مزید معتبر اور یادگار بنا دیا ہے