فیفا ورلڈ کپ 2026،گروپ سٹیج کے فائنل ڈرا کا اعلان، 48 ٹیموں کے 12 گروپس تشکیل

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے لئے گروپ سٹیج کے فائنل ڈرا کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد تمام 48 ٹیموں کو 12 مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

واشنگٹن۔1اپریل (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے لئے گروپ سٹیج کے فائنل ڈرا کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد تمام 48 ٹیموں کو 12 مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق میزبان ملک میکسیکو کو گروپ اے میں جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور جمہوریہ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے میزبان ملک کینیڈا کا گروپ بی میں مقابلہ بوسنیا ہرزیگووینا، قطر اور سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔تیسرے میزبان ملک امریکہ کو گروپ ڈی میں پیراگوئے، آسٹریلیا اور ترکی کے ساتھ جگہ دی گئی ہے جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن گروپ جے میں الجزائر، آسٹریا اور اردن کا سامنا کرے گی۔فٹ بال کی عالمی طاقتوں میں برازیل گروپ سی میں مراکش، ہیٹی اور سکاٹ لینڈ کے مدمقابل ہوگا جبکہ فرانس کو گروپ آئی میں سینیگال، عراق اور ناروے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

گروپ ای میں جرمنی کا مقابلہ کوراساؤ، آئیوری کوسٹ اور ایکواڈور سے ہوگا جبکہ گروپ ایل میں انگلینڈ، کروشیا، گھانا اور پاناما کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔پرتگال کی ٹیم گروپ کے میں ڈی آر کانگو، ازبکستان اور کولمبیا کے ساتھ موجود ہے جبکہ گروپ جی میں بیلجیم، مصر، ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔اس کے علاوہ گروپ ایف میں نیدرلینڈز، جاپان، تیونس اور سویڈن شامل ہیں، گروپ ایچ میں سپین، کیپ ورڈے، سعودی عرب اور یوراگوئے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیموں کے ساتھ منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ کا آغاز 11 جون سے ہوگا جس کے لئے تمام ٹیموں کے گروپس فائنل ہونے کے بعد اب شائقین میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔