فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے تمام 48 ٹیموں کا لائن اپ مکمل، کانگو اور عراق بھی کوالیفائی کر گئے

امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں رواں برس منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2026 کے لئے تمام 48 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہو گیا ہے، جس میں آخری 6 ٹیموں نے بھی اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

نیویارک۔1اپریل (اے پی پی):امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں رواں برس منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2026 کے لئے تمام 48 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہو گیا ہے، جس میں آخری 6 ٹیموں نے بھی اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔بی بی سی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے 23ویں ایڈیشن کے لئے کوالیفائی کرنے والی آخری 2 ٹیمیں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو اور عراق ہیں، جنہوں نے بالترتیب جمیکا اور بولیویا کو شکست دے کر میگا ایونٹ کے لئے جگہ پکی کرلی ہے۔کوالیفکیشن کا یہ طویل مرحلہ ستمبر 2023 میں شروع ہوا تھا جو 6 کنفیڈریشنز سے ہوتا ہوا 31 مارچ کو ہونے والے ہائی وولٹیج پلے آف مقابلوں پر اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد اب دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ کے لئے تمام شرکا کے نام سامنے آ چکے ہیں۔

یورپ سے 4 ٹیموں نے اپنی جگہ یقینی بنائی ہے جن میں جمہوریہ چیک ، ترکیہ اور سویڈن شامل ہیں، تاہم فٹ بال کی دنیا کے لئے سب سے بڑی خبر 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹلی کا ایونٹ سے باہر ہونا ہے جسے بوسنیا ہرزیگووینا نے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔مجموعی طور پر 48 ٹیموں میں سے 3 میزبان ممالک (امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو) نے براہِ راست کوالیفائی کیا جبکہ 43 ٹیموں نے اپنی اپنی کنفیڈریشنز سے کوالیفائی کیا اور 2 ٹیموں کا فیصلہ بین البراعظمی پلے آف کے ذریعے ہوا۔فیفا ورلڈ کپ 2026کا باقاعدہ آغاز 11 جون سے ہوگا جو 19 جولائی تک جاری رہے گا، تمام ٹیموں کے نام فائنل ہونے کے بعد اب شائقین کی نظریں تاریخ کے اس سب سے بڑے ورلڈ کپ کے شیڈول اور مقابلوں پر لگی ہوئی ہیں۔