آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیا ہے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کی ملاقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
راولپنڈی۔9جون (اے پی پی):آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیا ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےلبنانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہیکل نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔جی ایچ کیو پہنچنے پر معزز مہمان کوتینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
بات چیت میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ رابطوں، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیا۔جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ اور آپریشنل مہارت کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔یہ دورہ دونوں مسلح افواج کے درمیان قریبی فوجی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے








